روم4؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)اٹلی میں مبینہ طور پر دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کے الزام کے تحت بدھ کو وہاں سے ملک بدر کیے جانا والا پاکستانی اٹلی کی انڈر نائنٹین قومی کرکٹ ٹیم کا کپتان رہ چکا تھا۔خبر رساں ادارے اے ایف پی نے مقامی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ مشتبہ دہشت گرد آفتاب فاروق ماضی میں اطالوی یوتھ کرکٹ ٹیم کے کپتان کے طور پر ذمہ داریاں نبھاچکاتھا۔میڈیارپورٹوں کے مطابق گزشتہ تیرہ برسوں سے اپنی کنبے کے ساتھ اٹلی میں رہائش پذیر آفتاب فاروق داعش کے ساتھ ہمدردی رکھتا تھا اور وہ شام جا کر اس جہادی گروہ کی رکنیت اختیار کرنے کا خواہشمند بھی تھا۔اطالوی سکیورٹی فورسزنے اسے ٹیلی فون پر کلاشنکوف اور بموں کی مدد سے میلان میں ایک وائن کی دکان یا برگامو کے ایئر پورٹ پر حملوں کی باتیں کرتے پکڑ لیا تھا۔ مقامی میڈیا نے ملکی وزیر داخلہ کے حوالے سے کہا ہے کہ چھبیس سالہ آفتاب مبینہ طور پر شمالی اٹلی میں حملوں کی منصوبہ بندی کر رہاتھا۔سن دو ہزار نو میں ایک ملکی میگزین میں شائع ہونے والی ایک تصویر بدھ کے دن دوبارہ شائع کی گئی ہے، جس میں آفتاب فاروق انڈر نائنٹین ٹیم کے کپتان کے طور پر اطالوی یونیفارم میں دیکھا جا سکتا ہے۔ اس نے اٹلی کے لیے بین الاقوامی مقابلوں میں بھی شرکت کی تھی۔میلان کے کنگز گرَووَ کلب کے صدر فابیو مارابینی نے اس پیشرفت پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا، مجھے یقین نہیں آ رہا۔ آفتاب کے ساتھ قریبی تعلقات رکھنے والے فابیو نے کہا کہ جب آفتاب کو اسلام آباد روانہ کیا جا رہا تھا تو آخری مرتبہ تب ان دونوں کی ملاقات ہوئی، اس نے میرا شکریہ ادا کیا تھا اور کہا کہ وہ خوفزدہ ہے کیونکہ پاکستان اس کے لیے ایک نئی جگہ ہو گی۔مقامی روزنامے La Stampa کے مطابق اسپورٹس کی مصنوعات کی ریٹیل کا کام کرنے والی کمپنی Decathlon کے ساتھ منسلک آفتاب سنو بورڈنگ کا شوقین تھا اور وہ اپنے فارغ اوقات میں رضا کارانہ طورپرمعذور لوگوں کے لیے بطور بس ڈرائیور خدمات بھی سرانجام دیتا تھا۔فابیو مارابینی کے مطابق اس (آفتاب فاروق)نے کبھی کسی مکھی کو بھی نقصان نہیں پہنچایا تھا۔ اسے ٹیم کا کپتان اس لیے بھی بنایا گیا تھا کیونکہ وہ ایک قابل اعتمادلڑکابھی تھا۔ وہ ہمیشہ لوگوں کی مدد کو تیار ہوتا تھا۔La Stampaنے اینٹی مافیا پولیس کی ایک تحقیقاتی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ آفتاب فاروق گزشتہ ایک برس کے دوران بدل سا گیا تھا اور اس نے اپنی بیوی کو مارنا پیٹنا شروع کردیا تھا۔ اس رپورٹ کے مطابق وہ اپنی بیوی کو زبردستی برقع پہنے پر مجبور کرنے لگا تھا۔آفتاب فاروق کو بدھ کے دن اٹلی سے ڈی پورٹ کیا گیا لیکن اس کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ وہ اس فیصلے کو یورپی عدالت برائے انسانی حقوق میں چیلنج کریں گے۔
امریکی فوج میں بھی زیکا وائرس کے متاثرین کا انکشاف
واشنگٹن4؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)لاطینی امریکا سے پھیلنے والے زیکا وائرس نے امریکا کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا ہے۔ امریکی وزارت دفاع کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق تینتیس امریکی سکیورٹی اہلکاروں میں بھی اس وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے جبکہ متاثرین میں ایک حاملہ خاتوں بھی شامل ہے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ ان امریکی فوجیوں کو یہ بیماری کہاں سے اورکیسے لگی ہے۔دریں اثناء امریکی وزارت صحت نے اس خطرناک وائرس سے نمٹنے کے لیے حکومت سے مزید مالی امداد مانگ لی ہے۔اس وزارت کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں ان کے پاس صرف ایک ماہ کا فنڈ باقی بچا ہے۔ فنڈز کی کمی کی وجہ سے زیکا وائرس کے خلاف جاری تحقیق میں تاخیر ہو سکتی ہے۔